راولپنڈی: (دنیا نیوز) کنٹرول لائن کے باغ سر سیکٹر میں بھارتی افواج کی بلا اشتعال فائرنگ سے 26 سالہ نوجوان شہید جبکہ ایک مقامی خاتون زخمی ہو گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی افواج نے شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس سے 26 سالہ عظیم شہید ہو گیا، فائرنگ سے مقامی خاتون بھی زخمی ہوئی۔ پاک فوج نے شہری آبادی پر فائرنگ کرنے والی دشمن کی پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔
دوسری جانب لائن آف کنٹرول کی شہری آبادی کو نشانہ بنانے پر پاکستان نے بھارت سے شدید احتجاج کیا ہے۔ ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا گیا۔بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی طلبی ڈی جی ساؤتھ ایشیا و سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے کی۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ گزشتہ روز بھی بگسار سیکٹر میں بھارتی فائرنگ سے معصوم شہری کی شہادت ہوئی۔ شہری آبادی کو نشانہ بنانا عالمی قوانین اورانسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، بھارت 2003ء کے فائربندی معاہدے کی پاسداری کرے۔