راولپنڈی: (دنیا نیوز) ملک بھر میں فسادیوں کے خلاف آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے، ایف سی بلوچستان نے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 2 دہشتگرد ہلاک جبکہ بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ایف سی بلوچستان نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر بلوچستان کے علاقوں قلات، خاران اور میوند میں کارروائیاں کیں۔ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز ان علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی اطلاعات پر کیے گئے۔
کارروائیوں کے دوران ایف سی بلوچستان نے 2 دہشت گرد ہلاک کر دیئے جبکہ دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں سے برآمد اسلحے میں سب مشین گنز، بارودی سرنگیں، ہینڈ گرنیڈ، آر پی جی۔7 راکٹس اور بڑی تعداد میں گولیاں شامل ہیں۔