کراچی: (دنیا نیوز) سابق وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو کے خلاف انکوائری کے معاملے پر تفتیشی افسر کی تیاری نہ ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کر دیا۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے کہا سپیشل پراسیکیوٹر کی تیاری نہیں، ایسا نہیں چلے گا، یہ حال رہا تو ڈی جی نیب کو طلب کرسکتے ہیں۔
سندھ ہائی کورٹ میں سابق وزیر بلدیات جام خان شورو کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ انکوائری مکمل ہوگئی ہے اب تحقیقات شروع ہونے میں کتنا وقت لگے گا، اگر ایسے کام ہوا تو تین تین سال تک معاملہ چلتا رہے گا۔
عدالت نے تفتیشی افسر کی تیاری نہ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ اب ایسا نہیں چلے گا اگر یہی حال رہا تو ڈی جی نیب کو طلب کیا جائے گا تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ تحقیقات ایک ماہ میں مکمل کر لی جائے گی، عدالت نے سماعت 8 مارچ تک ملتوی کر دی۔