اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایل این جی اسیکنڈل میں سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نیب کے سامنے پیش ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق نیب راولپنڈی اسیکنڈل پر مفتاح اسماعیل سے ڈیڑھ گھنٹے پوچھ گچھ کی گئی۔
نیب ذرائع کے مطابق مفتاح اسماعیل نے نیب کے پوچھے گئے سوالات کے جواب بھی دیئے جبکہ نیب نے مفتاح اسماعیل کو مزید 30 سولات پر مشتمل سوالنامہ بھی دے دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے مفتاح اسماعیل کو سوالات کے جواب ایک ہفتے میں دینے کی ہدایت کی ہے۔ جبکہ ضرورت پڑنے پر مفتاح اسماعیل کو دوبارہ بلایا جائے گا۔
معاملے پر سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ نیب راولپنڈی میں جمعہ کی سہ پہر پیش ہوا تھا، نیب نے جو پوچھا اس کا جواب دے دیا، نیب نے ایل این جی اسکینڈل میں بیان بھی ریکارڈ کیا، نیب نے دوبارہ نہیں بلایا،طلب کیا تو ضرور پیش ہوں گا۔
یاد رہے جون میں من پسند کمپنی کو ایل این جی ٹرمینل کا ٹھیکہ دینے کے الزام پر چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سابق وزرائے اعظم و دیگر کے خلاف تحقیقات کی منظوری دی تھی۔
واضح رہے سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور حکومت میں سابق وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے قطر کے ساتھ ایل این جی درآمد کے معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت پاکستان ہر سال قطر سے 3.75 ملین ٹن ایل این جی خریدے گا جو کہ پاکستان کی قومی ضرورت کا کل 20 فیصد ہے۔