لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے شہریوں کے ای چالان کرنے کیخلاف درخواست پر سی ای او سیف سٹی اتھارٹی سے جواب مانگ لیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاید وحید نے شہری ساجد بشیر کی درخواست پر سماعت کی جس میں ای چالان پر قانونی اعتراض اٹھایا گیا۔ درخواستگزار کے وکیل نے نشاندہی کی کہ سیف سٹی اتھارٹی کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر شہریوں کے دو سو سے زائد ای چالان کیے جا رہے ہیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے الزام لگایا کہ غیر ضروری ای چالانوں کی مد میں ٹارگٹ مکمل کیا جاتا ہے اور اس طرح شہریوں کے حقوق مجروع کیے جاتے ہیں۔
وکیل نے دعویٰ کیا کہ ای چالانوں میں ایسے چالان بھی سامنے آئے ہیں جن میں شہریوں نے ٹریفک قوانین کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی۔ وکیل نے استدعا کی کہ عدالت کی جانب سے سیف سٹی اتھارٹی حکام کو غیر ضروری ای چالانوں سے روکا جائے۔