اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی آئی اے انتظامیہ نے سفارشی افسران کیخلاف کارروائی کا فیصلہ، ملازمین کے سیاسی اثرورسوخ کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی۔
پی آئی اے انتظامیہ نے ملازمین کے سیاسی اثر ورسوخ کے استعمال پر پابندی سے متعلق خصوصی مراسلہ جاری کر دیا۔ انتظامیہ کی جانب سے جاری مراسلے پر پی آئی اے ملازمین کی سیاسی اثر ورسوخ کے استعمال کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے تنبیہ کی ہے کہ وہ کسی بھی معاملے میں اس سے گریز کریں۔ جاری مراسلے کے مطابق پی آئی اے ملازمین پر پابندی سروس اینڈ ریگولیشن ایکٹ کی شق 48 کے تحت عائد کی گئی ہے جس کے تحت سیاسی اثر ورسوخ استعمال کرنے والے ملازمین کیخلاف کارروائی کی جائیگی۔
پی آئی اے انتظامیہ نے جاری مراسلے میں کہا کہ بعض سرکاری ملازمین تقرر وتبادلے کیلئے سیاسی اثر ورسوخ استعمال کرنے میں ملوث پائے گئے ہیں۔ سیاسی اثر ورسوخ استعمال کرنے والے ملازمین پی آئی اے کے قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں، ایسے ملازمین کیخلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔