نیویارک: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بھی بول پڑے۔ انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر حقائق پیش کر کے اقوام متحدہ نے اپنی ذمہ داری کو بخوبی نبھایا، امید ہے عالمی معاملات کے پیش نظر پاکستان اور بھارت با معانی مذاکرات کا آغاز کریں گے۔
نیویارک میں پریس کانفرنس کے دوران انتونیو گوٹرس نے واضح کیا کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں مظالم سامنے لانےسے متعلق رپورٹ قابل تحسین ہے، اقوام متحدہ نے اس حوالے سے حقائق پر مبنی رپورٹ پیش کر کے اپنی ذمہ داری کو بخوبی نبھایا۔
پاک بھارت مذاکرات کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوا انہوں نے کہا دونوں ممالک میں مذاکرات کے لیے ثالثی کی پیش کش کی تھی جس پر ابھی تک کامیابی نہیں ملی، امید ہے عالمی تعلقات کی اہمیت کے پیش نظر پاکستان اور بھارت مذاکرات کی میز پر آئیں گے۔
یاد رہے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھارت کو مسئلہ کشمیر سمیت تمام ایشوز پر بات چیت کی دعوت دی گئی تھی تاہم بھارت کی جانب سے مثبت جواب نہیں دیا گیا۔