کراچی: (دنیا نیوز) صدر عارف علوی کے منصب صدارت پر فائز ہونے کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی جس کی سماعت کیلئے فاضل عدالت نے21 فروری تاریخ مقرر کردی ۔
سندھ ہائیکورٹ نے دوران ِسماعت درخواست گزار کو صدر عارف علوی کےخلاف ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔ درخواست گزار کے موقف کے مطابق عارف علوی نے 1977 میں دائر سول سوٹ کے ریکارڈ میں ٹمپرنگ کی ۔ عدالت نے استفسار کیا کہ عارف علوی نے جس عدالتی ریکارڈ میں ٹمپرنگ کی وہ کہاں ہے؟ اگلی سماعت پر جمع کروانے کی یقین دہانی پر21 فروری اگلی تاریخ مقرر کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ عدالت نے عملے کو یہ حکم بھی دیا ہے کہ سول سوٹ کے آر این پی کو بھی درخواست کا حصہ بنایا جائے۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر عارف علوی گزشتہ برس 9 ستمبر کو حلف اٹھا کر پاکستان کے 13 ویں صدر بنے، پیشے کے لحاظ سے ڈاکٹر ہونے کے ساتھ ساتھ وہ تحریک انصاف کے سرگرم کارکن اور قومی اسمبلی کے رکن بھی رہے، عہدہ صدارت پر متمکن ہونے سے قبل انھوں نے قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفی دے دیا تھا۔