اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) صدر ڈاکٹرعارف علوی نے ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کیلئے تمام بچوں کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنے پر زوردیا ہے۔
بچوں کے عالمی دن کے سلسلے میں پاکستان بیت المال کے زیراہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو بچوں کی بہتری کیلئے کام کرتی ہیں،صدر نے کہا کہ تھیلیسیمیا پر قابو پانے کے لئے علماء دین کو نکاح نامے میں جوڑے کے تھیلیسیمیا ٹیسٹ کی شق کو شامل کرنے پر بھی غور و خوض کرنا چاہیے ،نیا پاکستان کا مقصد ایک ایسے معاشرے کی تشکیل ہے جہاں ہر بچے کو تعلیم، صحت اور روزگار سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی میں مساوی مواقع حاصل ہوں،معاشرے کے تمام طبقات بچوں سے زیادتی کی روک تھام کے لئے اپنا اپنا موثر کردار ادا کریں،قبل ازیں صدر مملکت نے تھیلیسیمیا سنٹر کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا، تقریب میں خاتون اول ثمینہ علوی، ایم ڈی بیت المال عون عباس اور سویٹ ہومز کے بچوں نے شرکت کی، علاوہ ازیں صدرعارف علوی سے تیونس کے سفیر عادل العربی اور کینیا کے ہائی کمشنر پروفیسر جولیس کائیبت نے ملاقات کی،مزیدبرآں صدر مملکت پمز ہسپتال کے زیر اہتمام صحت کے شعبہ میں جدت کے حوالے سے سمپوزیم کا آج افتتاح کریں گے۔