کراچی: (دنیا نیوز) صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے پاک فوج دنیا کی بہترین فورس ہے، ہتھیار دفاع کیلئے ہیں، ملکی سلامتی کیلئے ہر قدم اٹھائیں گے، معیشت کو پاوں پر کھڑا کرنے کی کوشش کرر ہے ہیں۔
دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018 کی افتتاحی تقریب سے صدر مملکت عارف علوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہماری معیشت بری طرح متاثر ہوئی، پاک فوج دہشتگردوں کیخلاف سیسہ پلائی دیوار ہے، ہمیں پاک فوج کے شہدا پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا دہشتگردی کے خاتمے میں پاک فوج کا کردار قابل ستائش ہے، ہمارے ہتھیار دفاع کیلئے ہیں، دہشتگردی کیخلاف پاکستانی فوج دنیا کی تجربہ کار ترین فورس ہے، اپنے ملک کے دفاع کیلئے ہم ہر قدم اٹھائیں گے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا پاکستان کی معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں، افغان جنگ کے 32 لاکھ متاثرین کو پاکستان میں پناہ دی، ایشوز کو حل کرنا ہوگا، جنگ مسائل کا حل نہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان ایک پر امن ملک ہے، بھارت کو مذاکرات کی میز پر آکر مسائل حل کرنا ہوں گے، آئین عام شہری کو ہر قسم کا تحفظ فراہم کرتا ہے، پاکستان ہر قسم کی تنازعات کا پر امن حل چاہتا ہے۔
عارف علوی نے مزید کہا کہ پوری دنیا گھوم کر دیکھی، پاکستان سے خوبصورت ملک کوئی نہیں، دہشتگردی کیخلاف پاکستانی فوج دنیا کی تجربہ کار ترین فورس ہے، جے ایف تھنڈر، مشاق طیاروں اور دیگر دفاعی آلات کی تیاری پر فخر ہے، پاکستان دفاعی لحاظ سے خود انحصاری کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔ انہوں نے کہا بھارت طاقت کے زور پر کشمیریوں کے حقوق نہیں دبا سکتا، ہماری امن کی کوششوں کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، خطے کی ترقی علاقائی امن وامان سے وابستہ ہے۔