لاہور: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے لوگوں نے عوام کی زمینوں پر قبضے شروع کر دیئے ہیں۔ عمران خان بتائیں کیا یہ نیا پاکستان ہے؟ عمران خان کو اب زمینی حقائق سمجھ آ رہے ہیں، پہلے تو خلا میں ہی باتیں کر رہے تھے۔
لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو میں قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ ہم پرامن طریقے سے رہنا چاہتے ہیں، ایسے ہتھکنڈوں سے کل راستے بدلے نہ آج بدلیں گے۔ حکومت کو لوگوں کی جائیدادوں پر قبضے نہیں کرنے چاہیں، تحریک انصاف کے لوگوں نے دہاڑیاں لگانا شروع کر دی ہیں، اقتدار میں آ کر لوگوں کی جائیدادوں پر قبضے کیے جا رہے ہیں۔
قمر زمان کائرہ نے الزام عائد کیا کہ ان کے عزیز کی زمین پر قبضے کی کوشش کی گئی ہے۔ تحریک انصاف کے ایم این اے فیض الحسن شاہ نے قبضے کی کوشش کی۔ وزیراعظم بتائیں کیا یہ نیا پاکستان ہے؟
انہوں نے کہا کہ میری جماعت میرے ساتھ ہے، میرے رشتہ دار کی زمین پر قبضہ کیا گیا، حکومتی سہارا لے کر لوگوں کی جائیدادوں پر قبضہ نہیں کرنا چاہیے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے بتایا کہ پولیس کے اعلیٰ افسران سے رابطہ کیا ہے، انہوں نے رات گئے قبضے کی کارروائی رکوائی۔ عمران خان اسی کیس کو ٹیسٹ کیس بنا لیں اور اس معاملے پر انکوائری کرائیں۔