اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبی بنیادوں پر سزا معطلی کی درخواست پر سماعت آج ہوگی، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل 2 رکنی بینچ سماعت کرے گا۔
واضح رہے نواز شریف کی جانب سے خواجہ حارث ایڈووکیٹ کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرائی گئی ہے جس میں کہا گیا کہ نواز شریف کو گزشتہ کئی دنوں سے عارضہ قلب لاحق ہے، درخواست کے مطابق میڈیکل بورڈ نے بھی نواز شریف کو ہسپتال منتقل کرنا تجویز کیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی 3 ہارٹ سرجریریاں ہوچکی ہیں۔ درخواست میں نیب، احتساب عدالت اور سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل کوفریق بنایا گیا اوراستدعا کی گئی کہ سزا کے خلاف زیر سماعت اپیل کے فیصلے تک احتساب عدالت کا فیصلہ معطل کیا جائے اور العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں سزا معطل کر کے نواز شریف کو طبی بنیادوں پر ضمانتی مچلکوں کے عوض رہا کیا جائے۔
درخواست کے ساتھ سپیشل میڈیکل بورڈ کی 17 جنوری کی رپورٹ بھی جمع کرائی گئی ہے۔