کراچی: (ویب ڈیسک) پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس کا اورماڑہ میں انعقاد ہوا جس میں نیول چیف نے آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار جبکہ بحیرہ ہند میں امن واستحکام برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس آج اورماڑہ میں اختتام پذیر ہوگئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کانفرنس کی صدارت کی۔
کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس کے دوران پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری، ترقیاتی منصوبے، موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور افسروں، جوانوں کی بہبود اور تربیت کے منصوبے زیر غور آئے۔
علاوہ ازیں پاکستان بحریہ کے موجودہ اور مستقبل کے پراجیکٹس اور منصوبوں، آپریشنل سرگرمیوں بشمول گوادر پورٹ کی سیکیورٹی اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کے میری ٹائم پہلو پر بھی چیف آف دی نیول سٹاف کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
چیف آف دی نیول سٹاف نے تمام سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ بحیرہ ہند میں درپیش پیچیدہ صورتحال اور عصر حاضر کے سیکیورٹی چیلنجز کے باوجود پاک بحریہ اس خطے میں امن واستحکام کے فروغ کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔
نیول چیف نے فیلڈ کمانڈرز کو ہمہ وقت بھرپور آپریشنل تیاری رکھنے اور اپنے اپنے دائرہ کار میں بھرپور کردار ادا کرنے کی تاکید کی۔
چیف آف دی نیول سٹاف نے کہا کہ کثیر الملکی بحری مشق امن خطے اور دنیا بھر کے ممالک کے پاکستان پر اعتماد کی عکاس ہے۔ انہوں نے تمام فیلڈ کمانڈرز کو ہدایت کی کہ وہ کثیر الملکی مشق امن 2019ء کے کامیاب انعقاد کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔
کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس پاک بحریہ کی فیصلہ سازی کے لئے اہم پلیٹ فارم ہے جہاں تمام چیفس آف سٹاف، پرنسپل سٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈر پاک بحریہ کی پالیسیوں اور منصوبوں کا جائزہ لیتے اور مستقبل کی منصوبہ بندی کرتے ہیں۔