کوئٹہ: (دنیا نیوز) صوبائی حکومت اور ڈاکٹر ایکشن کمیٹی کے درمیان مذاکرات کامیاب، ڈاکٹر ایکشن کمیٹی نے 50 روز بعد ہڑتال ختم کرتے ہوئے او پی ڈیز میں حاضری کو یقینی بنانے کا اعلان کر دیا جبکہ صوبائی حکومت نے احتجاج پر بیٹھے ڈاکٹروں کے خلاف جاری کیا گیا نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔
مذاکرات کے بعد صوبائی وزیر صحت میر نصیب اﷲ مری نے سول ہسپتال میں احتجاجی کیمپ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز کی تکلیف کا بخوبی اندازہ ہے، ہم سمجھ سکتے ہیں مغوی ڈاکٹر شیخ ابراہیم خلیل پر کیا گزری ہوگی، خوشی ہے کہ ڈاکٹر ابراہیم خلیل بحفاظت گھر پہنچ گئے، ڈاکٹروں کے مشکور ہے کہ انہوں نے کیمپ آنے پر عزت بخشی اور اپنی ہڑتال کو ختم کرتے ہوئے او پی ڈیز میں سروسز کو بحال کرنے کا اعلان کیا۔