کوئٹہ: (دنیا نیوز) چودھری غلام سرور کا کہنا ہے سندھ میں داخلہ بند کرنا ناممکن ہے، علیمہ خان ہو یا کوئی اور سب کا یکساں احتساب ہوگا۔
وفاقی وزیر پٹرولیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سپریم کورٹ کا ای سی ایل سے نام نکالنے کے حوالے سے تحریری حکم نامہ ابھی تک موصول نہیں ہوا، جیسے ہی تحریری حکم نامہ موصول ہوگا،عملدرآمد کریں گے۔ انہوںنے کہا ہم نے خود کو احتساب کیلئے من وعن پیش کیا، نیب غیر جانبدارانہ شفاف طریقے سے کام کر رہی ہے، نیب جس جس کو بلائے گی اسے پیش ہونا ہوگا، بلاتفریق احتساب ہو رہا ہے۔
غلام سرور خان کا مزید کہنا تھا وفاق کیساتھ مل کر بلوچستان کے عوام کی محرومی دورکریں گے، وزارت پٹرولیم میں 2 اہم شعبے ہیں جن میں سے ایک ڈرلنگ کا شعبہ ہے، وزارت پٹرولیم کے تحت جتنی بھی کمپنیاں کام کررہی ہیں انکے بورڈز میں تمام صوبوں کی نمائندگی ہوگی، صوبوں کی نمائندگی کیلئے تمام بورڈز دوبارہ بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا سعودی وزیر توانائی کل گوادر آ رہے ہیں، جلد گوادر میں سٹیٹ آف دی آرٹ آئیل ریفارنری کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔