وزیراعظم عمران خان آج صحت سہولت پروگرام کا افتتاح کریں گے

Last Updated On 04 February,2019 01:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان آج صحت سہولت پروگرام کا افتتاح کریں گے، 9 کروڑ خاندانوں کو صحت انصاف کارڈز جاری کرنے کا پروگرام ہے جس کے ذریعے کیمو تھراپی، دل کا آپریشن، اسٹنٹس ڈلوانا ممکن ہو سکے گا۔

ملک میں مستحق افراد کو صحت کی وسیع تر سہولیات فراہم کرنے کیلئے وفاقی حکومت نے صحت کا جامع پروگرام تیار کیا ہے جس کا وزیراعظم عمران خان افتتاح کر رہے ہیں۔ کارڈ پروگرام کے تحت وہ شہری جو اپنے علاج معالجے کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے، حکومت ان کو سہولیات بہم پہنچائے گی۔ غریب اور مستحق افراد دل و دماغ کی امراض کے علاوہ کینسر جیسا مہنگا علاج مفت کروا سکیں گے۔

صحت سہولت پروگرام حکومت کی عوام کو تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی کی جانب اہم قدم ہے، یہ کارڈز اسلام آباد، قبائلی علاقوں کے بعد تمام ملک میں مرحلہ وار فراہم کئے جائیں گے۔ صحت سہولت کارڈ پروگرام کی افتتاحی تقریب آج سہ پہر 3 بجے شیڈول ہے۔