مظفرآباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ بھارت جو مرضی کر لے، جذبہ حریت کو دبایا نہیں جاسکتا، نسلوں سے جاری رہنے والی جدوجہد کیلئے مضبوط موقف اپنانا ہوگا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان میں کبھی بھی کشمیر کے معاملے پر سیاست نہیں کی گئی، بھارت اپنا سفاک چہرہ چھپانے کیلئے مذاکرات کی میز پر نہیں آتا، وزیراعظم نے بھارت کی جانب دوستی کا ہاتھ بڑھایا، مگر انڈیا نے مثبت جواب نہ دے کر قابل افسوس حرکت کی۔ انہوں نے کہا برہان وانی جیسے لاکھوں کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے، صدر اقوام متحدہ کو کہا جموں و کشمیر میں فیکٹ فائنڈنگ کمیشن بھیجا جائے۔
صدر عارف علوی نے مطالبہ کیا کہ بھارت تمام سیاسی قیدیوں کو آزاد کرے، مقبوضہ کشمیر میں آزادی اظہار رائے دی جائے، وادی میں آتشیں اسلحے کا استعمال فوری بند کیا جائے، نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گنز کا وحشیانہ استعمال بند کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا بھارت مقبوضہ وادی میں کالےقوانین فوری ختم کرے، حریت قیادت کو بیرون ملک سفر کی اجازت دی جائے، بھارت انسانی حقوق کے عالمی مبصرین کیلئے کشمیر کے راستے کھولے۔