اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات موخر کرنے کی صوبائی حکومت کی درخواست مسترد کر دی۔ صوبائی الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں حلقہ بندیاں الیکشن کمشین کے شیڈول کے مطابق جاری رہیں گی۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار محمد رضا کی زیر صدارت بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں اعلی سطح اجلاس ہوا جس میں بلوچستان حکومت کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کو نومبر 2019ء میں کروانے اور حلقہ بندیوں کے عمل ری شیڈول کرنے کی درخواست مسترد کر دی گئی۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان حکومت نے موجودہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں کچھ ترامیم تجویز کی ہیں۔ جن پر کام جاری ہے۔ اس لیے حکومت نے حلقہ بندیوں کے عمل کو ری شیڈول کرنے کی درخواست کی۔
صوبائی الیکشن کمشنر نے کہا کہ بلوچستان میں حلقہ بندیوں کا عمل شیڈول کے مطابق جاری رہے گا۔ بلدیاتی اداروں کی مدت ختم ہونے کے 120 دن کے اندر الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔ وقت پر انتخابات کرانے کیلئے شیڈول میں کوئی بہت بڑی تبدیلی نہیں کی جا سکتی۔