کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے ڈیفنس میں کارسوار افراد نے پاک سرزمین پارٹی کے رہنما میرعتیق تالپور کی گاڑی پرفائرنگ کی تاہم وہ٘ محفوظ رہے۔ آئی جی سندھ نے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی جس کا مقدمہ درخشاں تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔
پاک سرزمین پارٹی کی نیشنل کونسل کے رکن میرعتیق تالپور ڈیفنس خیابان شہباز کے علاقے میں، گاڑی میں بیٹھے فیملی کے ساتھ برگر کھا رہے تھے کہ کالے رنگ کی گاڑی میں سوار ملزمان نے اسلحہ لہرایا، جس پر میر عتیق نے گاڑی ریورس کی جو ملزمان کی گاڑی سے ٹکرا گئی۔ اسی دوران ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کر دی، گولیاں گاڑی کے بمپر پر لگیں تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
میرعتیق نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چار نقاب پوش حملہ آوروں نے راستہ بلاک کر کے فائرنگ کی۔ فائرنگ کے واقعہ کا مقدمہ درخشاں تھانے میں درج کر لیا گیا۔
آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ساؤتھ سے رپورٹ طلب کر لی، چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفی کمال نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔