کراچی: (دنیا نیوز) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال نے کہا پی ایس پی آج کے الیکٹرک کے ہیڈ آفس پر سہ پہر تین بجے پُرامن احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔ لوڈشیڈنگ کے خلاف وزیر اعلیٰ سندھ اسلام آباد میں دھرنا دینے کی بات کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کا کام دھرنا دینا نہیں اور نہ ہی خط لکھنا ہے، بلکہ وہ ٹیلیفون اٹھا کر وزیر اعظم سے بجلی کے مسئلے پر بات کریں۔
مصطفی کمال نے سوئی سدرن کمپنی سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر کے الیکٹرک کو مطلوب مقدار میں گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تا کہ شہریوں کو لوڈشیڈنگ سے نجات ملے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم برانڈ پٹ چکا، متحدہ اور پی پی شہر میں لسانی فسادات کی سازش کر رہی ہیں، ڈاکٹر فاروق ستاراور ان کے ساتھیوں کو تنبیہ کرتا ہوں کہ پی ایس پی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو فون کر کے تنگ نہ کریں، ان کی شر انگیزیوں کی وجہ سے ہی ہم نے اپنی پارٹی کے دروازے ان کے لیے بند کر دیئے۔
چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ سندھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ اُردو کے بجائے انگریزی اور سندھی زبان میں لکھا جائے ، اُردو لکھنے پر پابندی سندھیوں کے خلاف سازش ہے ، یہ سب کچھ ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے جب انتخابات قریب ہیں۔ پیپلز پارٹی لسانی تعصب کا سہارا لے کر ووٹ حاصل کرنا چاہتی ہے، یہی سب کچھ ایم کیو ایم مہاجروں کے نام پر کرتی رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ، گورنر سندھ و دیگر حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سندھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو بر طرف کر کے تحقیقات کرائی جائے۔