سکھر: (دنیا نیوز) سکھر میں شاہ لطیف یونیورسٹی کے شعبہ فارمیسی کے طلباء وطالبات بت رجسٹریشن نہ کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ طلباء وطالبات کا مطالبہ تھا کہ ان کا مستقبل تباہ ہونے سے بچایا جائے اور رجسٹریشن کی جائے۔
شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپورکےفارمیسی ڈپارٹمنٹ کے طلباء وطالبات نے سکھر پہنچ کر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی۔ اس موقع پر طلباء وطالبات ارسلان شاہ، کائنات اعوان، وقار احمد، سحرش مغل، علیزہ ملک، اسد سرکی و دیگر کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی میں فارمیسی کا شعبہ قائم کیے نو سال گذر گئے ہیں اور اس وقت اس شعبے میں پانچ سو سے زائد طلباء وطالبات زیر تعلیم ہیں مگر یونیورسٹی انتظامیہ نے ان کا مستقبل داؤ پر لگا دیا ہے کیونکہ اب تک شعبہ فارمیسی کو رجسٹرڈ نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے سے اس ڈپارٹمنٹ سے پاس کرنے والے دوبیج آج تک رل رہے ہیں، انہیں کہیں بھی ملازمت نہیں مل پارہی۔
طلبا کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کی اس غفلت کے باعث دیگر طلباء وطالبات اپنے مستقبل کے حوالے سے سخت پریشانی کا شکار ہیں۔ انھوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شاہ لطیف یونیورسٹی کے شعبہ فارمیسی کو رجسٹرڈ کرکے پانچ سو سے زائد طلباء وطالبات کا مستقبل تباہ ہونے سے بچایا جائے۔ طلباء وطالبات نے اس موقع پر شعبہ فارمیسی کی رجسٹریشن ہونے تک کلاسوں کے بائیکاٹ کا بھی اعلان کیا۔