اسلام آباد: (دنیا نیوز) مریم اورنگزیب کا کہنا ہے آئی ایم ایف پیکج مہنگائی کے نئے سونامی کا پیغام ہے، عمران خان قرض نہ لینے کے جھوٹ اور یوٹرن پر قوم سے معافی مانگیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے آئی ایم ایف بیل آؤٹ پیکج پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا عمران خان مسلسل جھوٹ، یوٹرن پر کم از کم قوم سے معافی تو مانگیں، نااہل حکومت نے اپنی نااہلی کا سارا بوجھ عوام پہ ڈال دیا ہے۔ انہوں نے کہا مہنگائی کے خاتمے اور معاشی استحکام کیلئے 2015 میں آئی ایم ایف کا پروگرام ختم کر دیا تھا، عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جو کشکول لےکر خود آئی ایم ایف سے ملنے گئے۔
مریم اورنگزیب نے کہا جس ٹیم پر وزیراعظم کو خود اعتماد نہیں، اُس ٹیم پہ عوام کیسے اعتماد کرے ؟ جھوٹی حکومت چور دروازے سے آئی ایم ایف سے پیکج ڈیل پہلے ہی فائنل کرچکی تھی، نالائق حکومت آئی ایم ایف سے طے پانے والی شرائط کو چھپا کیوں رہی ہے؟ آئی ایم ایف پیکج سے عوام کے لئے مہنگائی کا نیا سونامی آنے والا ہے، آئی ایم ایف سے خفیہ شرائط طے کرنے کے بجائے پارلیمان کو آگاہ کیوں نہیں کیا جا رہا؟۔
ادھر سینیٹرشیری رحمان نے اپنے ایک بیان میں حکومتی پالیسیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا عوام اور پارلیمان کو بتایا گیا آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں گے، حکومت سو بار یو ٹرن لینے کے بعد آئی ایم ایف کے پاس گئی، یقین دہانی کے باوجود حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدہ طے پاچکا ہے۔ انہوں نے کہا آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کو خفیہ کیوں رکھا جا رہا ہے؟۔