کراچی: (دنیا نیوز) محکمہ صحت سندھ نے ینگ ڈاکٹرز کو کل ہرصورت او پی ڈیز سمیت تمام شعبے کھلے رکھنے کی ہدایت کر دی، عمل نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا بھی عندیہ دے دیا۔
ینگ ڈاکٹرز کو سدھارنے کیلئے محکمہ صحت نے میدان میں اترنے کا فیصلہ کر لیا۔ تمام سرکاری ہسپتالوں کی انتظامیہ کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق کل سے ہر صورت او پی ڈیز سمیت تمام شعبے کھلے رکھے جائیں، صورتحال معمول پر نہ آئی تو ہڑتالی ڈاکٹروں کے خلاف بھر پور کارروائی کی جائے۔
محکمہ صحت نے ہڑتال پر بیٹھے ڈاکٹرز کی فہرستیں بھی طلب کر لیں، دوسری جانب ینگ ڈاکٹرز کا موقف ہے کہ مطالبات کی منظوری تک کل بھی تمام او پی ڈیز اور آپریشن تھیٹرز بند رہیں گے۔ پانچ روز سے جاری ہڑتال کے باعث مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔