کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت وعدہ وفا نہ کرسکی، صوبے بھر میں ینگ ڈاکٹرز نے پھر ہڑتال کر دی، تمام سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز اور آپریشن تھیٹر بند ہیں۔
ینگ ڈاکٹرز تنخواہوں اور الاونسز میں اضافے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ محکمہ صحت سندھ کی جانب سے مطالبات ماننے کا اعلان کر کے ہڑتال تو ختم کرا دی گئی تھی تا ہم اب تک نوٹیفکیشن جاری نہ ہوسکا۔ ینگ ڈاکٹرز نے تمام او پی ڈیز اور آپریشن تھیٹر بند کر دیئے جبکہ مریضوں کے پیش نظر سرکاری ہسپتالوں کے شعبہ حادثات بند کرنے کا فیصلہ موخر کر دیا گیا ہے۔
شہر کے سب سے بڑے جناح ہسپتال، این آئی سی ایچ سمیت دیگر اضلاع کے ہسپتالوں میں ڈاکٹرز نے بائیکاٹ کر رکھا ہے۔ ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کی لولی پاپ اب نہیں چلے گی، اب تک نوٹیفکیشن جاری نہ کر کے حکومت نے مذاق کیا ہے۔
ادھر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن سندھ، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن اور دیگر ڈاکٹرز فورمز پر مشتمل سندھ ڈاکٹرز جوائینٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے صوبے بھر کی طرح حیدرآباد میں بھی او پی ڈی اور آپریشن تھیٹرز کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔ تمام سرکاری ہسپتالوں سمیت سول ہسپتال کی بھی او پی ڈی اور آپریشن تھیٹرز کو بند کر دیا گیا۔
ڈاکٹرز نے او پی ڈی اور آپریشن تھیٹرز میں کام چھوڑ دیا ہے جس کے باعث مریض شدید مشکلات کا شکار ہیں، دوسری طرف پی ایم اے سندھ، سپیشل ڈاکٹرز فورمز اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سندھ کی جانب سے سول ہسپتال کی او پی ڈی کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔
سندھ ڈاکٹرز جوائینٹ ایکشن کمیٹی کے رہنماوں کا مطالبہ ہے کہ سندھ کے ڈاکٹرز کی تنخواہیں اور الائونسز دوسرے صوبوں کے برابر کئ جائیں، ڈاکٹرز کی ترقیوں کا کوئی سسٹم تشکیل دیا جائے، ڈاکٹرز کا اعلان ہے کہ مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں بائیکاٹ جاری رہے گا۔