کراچی: (دنیا نیوز) سپیکر سندھ اسمبلی رات نیب ہیڈ آفس میں بسر کریں گے۔ انھیں جمعرات کو احتساب عدالت میں پیش کیا جائے۔
ترجمان نیب نے کہا ہے کہ سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو نیب ہیڈ آفس کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔ وہ رات نیب ہیڈ آفس میں بسر کریں گے۔ انھیں جمعرات کو احتساب عدالت میں پیش کیا جائے۔ نیب حکام عدالت سے ملزم کا ریمانڈ حاصل کریں گے۔
خیال رہے کہ نیب نے آغا سراج درانی کو اسلام آباد سے گرفتار کیا تھا۔ احتساب عدالت نے سپیکر سندھ اسمبلی کا 3 روزہ راہداری ریمانڈر منظور کر لیا ہے۔
آغا سراج درانی کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا گیا۔ نیب نے موقف اختیار کیا کہ مجاز اتھارٹی نے وارنٹ گرفتاری جاری کیے، ملزم کے خلاف کراچی میں اثاثہ جات ریفرنس زیر سماعت ہے، 7 دن کے راہداری ریمانڈ کی استدعا ہے۔
احتساب عدالت نے سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کا 3 روزہ راہداری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے کراچی کی متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
نیب نے آغا سراج درانی کو آمدن سے زائد اثاثوں اور فنڈز میں خورد برد کے الزام میں گرفتار کیا۔ نیب ذرائع کے مطابق آغا سراج درانی کی کراچی، حیدر آباد اور سکھر میں جائیدادیں ہیں۔
سپیکر سندھ اسمبلی نیب کو اپنی جائیدادوں کے ذرائع آمدن سے متعلق مطمئن نہ کر سکے۔ سراج درانی اور ان کے گھر کے 11 افراد کے نام پر ساری جائیدادیں ہیں۔ نیب نے ایس ای سی پی سے آغا سراج درانی اور اہلخانہ کی کمپینوں کا ریکارڈ بھی لے لیا۔