اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو گرفتاریوں پر جمہوریت یاد آ جاتی ہے، جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ پاکستان کو جلد ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کا جائزہ لیا گیا جبکہ وزیراعظم نے پلواما واقعے کے بعد کی صورتحال پر پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لیا۔
وزیر خزانہ اسد عمر کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ ہونے والی مفاہمتی یاداشتوں پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے ارکان قومی اسمبلی اور وفاقی کابینہ کے اراکین نے بھی شرکت کی۔
وزیراعظم عمران خان کا پارلیمانی پارٹی سے خطاب میں کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان کامیاب رہا ہے۔ پاکستان معاشی بحران سے کامیابی سے نکل رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے واضح کیا کہ احتساب کے آڑے کسی کو نہیں آنے دیں گے اور نہ ہی اس پر کوئی سمجھوتا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو گرفتاریوں پر جمہوریت یاد آ جاتی ہے لیکن جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ ہماری حکومت پاکستان کو جلد ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔
وزیراعظم نے ہدایت دی کہ حکومت کی کارکردگی کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت عام آدمی کی زندگی میں انقلاب لائے گی۔
بعد ازاں وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت منی لانڈرنگ سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں وزیر قانون فروغ نسیم نے منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لئے انتظامی اور قانونی اقدامات پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ میں ملوث افراد قومی مجرم ہیں اور کسی رعایت کے مستحق نہیں، منی لانڈرنگ ملک کے لئے بہت خطرناک ہے، اس کو روکنے کے لئے ہنگامی بنیادوں ہر اقدامات کئے جائیں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی طور پر رقم باہر منتقل کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ منی لانڈرنگ کر کے ملک کو قرضوں کی دلدل میں دھکیل دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کا پیسہ چوری کرنے سے ملک سنگین مالی بحران کا شکار ہوا۔