اسلام آباد: (دنیا نیوز) پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے، نشیبی علاقے زیر آب آگئے، بلوچستان حکومت نے لسبیلہ میں بارشوں سے متاثرہ اضلاع میں امداد کے لیے پاک فوج سے مدد مانگ لی، آواران کا مواصلاتی ربطہ بھی منقطع ہوگیا۔
لاہور، گوجرانوالہ، نارووال، دیپالپور، منڈی بہاؤالدین سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بھی بارش نے جل تھل ایک کر دیا۔ رات گئے وقفے وقفے سے جاری رہنے والی بارش سے نشیبی علاقے ندی نالوں کا منظر پیش کر رہے ہیں، مختلف علاقوں میں بجلی بھی غائب ہے۔
بلوچستان کے علاقے لسبیلہ اور گردونواح میں گزشتہ شب سے جاری موسلادھار بارش کے باعث ندی، نالوں میں طغیانی آگئی۔ آر سی ڈی شاہراہ سے بڑا سیلابی ریلا گزر رہا ہے، جس کے باعث ٹریفک معطل ہونے سے سینکڑوں مسافر پھنس گئے، لوگوں نے نقل مکانی شروع کر دی ہے۔
بلوچستان حکومت نے ہنگامی صورتحال نافذ کرتے ہوئے حالات سے نمٹنے کے لیے فوج سے مدد مانگ لی، اِدھر آواران کا مواصلاتی ربطہ بھی منقطع ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کر دی۔ کراچی سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔