کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں 5 بچوں کی بریانی کھانے سے ہلاکت کے معاملے پر ایس اسی پی ساوتھ کا کہنا ہے کہ یہ زہر خورانی کا کیس ہے، تین بچے ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی جاں بحق ہو گئے تھے۔
سرکاری گیسٹ ہاوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی ساوتھ پیر محمد شاہ نے کہا کہ بچوں کی والدہ رات ڈھائی بجےہسپتال گئی، والدین ہسپتال سے واپس پہنچے توبچوں اور انکی پھوپھو کی حالت بھی خراب تھی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ زہر خورانی کا کیس ہے۔
قبل ازیں کراچی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ ہوٹل عملے کے15 افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق اب تک 7 سے 8نمونے لیے گئے ہیں جن میں سے بریانی کے نمونے نہیں ملے۔ ہوٹل انتظامیہ نے موقف اختیار کیا ہے کہ گزشتہ روز بریانی بنوائی ہی نہیں۔ دوسری جانب ایڈیشنل آئی جی امیر احمد شیخ نے اپیل کی ہے کہ گزشتہ روز نوبہار ریسٹورنٹ کے کھانے سے کوئی شکایت ہے تو شہری پولیس کو اطلاع دیں۔