لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف نے ای سی ایل میں نام شامل کرنے کے اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
شہباز شریف نے اپنے وکیل اعظم نذیر تارڑ سے مشاورت مکمل کرلی ہے۔ آئندہ ہفتے شہباز شریف کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں رٹ دائر کی جائے گی۔ شہباز شریف کے وکیل اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے شہباز شریف کا نام غیر قانونی طور پر ای سی ایل میں ڈالا، شہباز شریف ہر پیشی پر عدالت میں پیش ہوئے، نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا کوئی جواز نہیں تھا۔
یاد رہے وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی درخواست پر غور کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا جائے۔ یوں اب شہباز شریف بیرون ملک نہیں جا سکیں گے۔