اسلام آباد: (دنیا نیوز) بجلی چوری کے سدباب کے لیے حکومت نے ٹیکنالوجی کے استعمال کا فیصلہ کر لیا، صارفین کو ناصرف پوری بجلی ملے گی بلکہ بجلی کے مختلف پیکجز ایزی لوڈ کی صورت میں بھی حاصل کر سکیں گے۔
بجلی چوری کا سدباب، جدید ترین سمارٹ میٹرنگ ٹیکنالوجی الیکڑوکیور متعارف کرانے کی تیاریاں، آزمائشی بنیادوں پر استعمال کا آغاز، کنڈا ڈالنے والے فوری پکڑے جائیں گے۔
الیکڑوکیور ٹیکنالوجی کے استعمال سے میٹر لگانے کا جھنجھٹ بھی ختم ہو جائے گا۔ یہ سارا نظام موبائل فون ٹیکنالوجی کی طرز پر کام کرے گا اور صارفین کارڈ لوڈ کر کے بجلی حاصل کریں گے۔ اگر کوئی شخص کنڈا ڈالنے کی کوشش کرے گا تو کمپیوٹرائزاڈ نظام کے تحت فوری الرٹ متعلقہ کمپنی کو موصول ہو جائے گا۔
الیکڑوکیورڈیوائسز سرور سے منسلک ہونے کی بدولت وولٹیج پوری ملے گی اور صارفین بجلی سے متعلق تمام ڈیٹا اپنے موبائل فون پر حاصل کر سکیں گے۔ توانائی ماہرین نے بھی بجلی چوری کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی حمایت کر دی ہے۔
دوسری جانب لوڈشیڈنگ اور اور بلنگ کے ستائے شہریوں نے بھی اقدام کو خوش آئند قرار دے دیا۔ کہتے ہیں کہ کم سے کم دوسروں کی بجلی کے پیسے ہم سے تو وصول نہیں کیے جائیں گے۔
پیسکو نے الیکٹروکیور ٹیکنالوجی کا استعمال آزمائشی بنیادوں پر شروع کر دیا ہے۔ نتائج مکمل تسلی بخش ہونے کی صورت میں اسے عام صارفین کے لیے لانچ کر دیا جائے گا۔
الیکڑوکیور ٹیکنالوجی سے جہاں بجلی کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی وہیں بجلی چوری پر قابو پا کر اربوں روپے کے نقصانات سے بھی بچا جا سکے گا۔