پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کابینہ اور اسمبلی میں بھارتی دراندازی کے خلاف قرارداد منظور، قرارداد میں بھارت کی مبینہ جارحیت کے خلاف پاک فوج اور حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا اعلان کیا گیا۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس سپیکر مشتاق غنی کے زیر صدارت شروع ہوا جس میں حکومتی اور اپوزیشن اراکین کی جانب سے بھارتی دراندازی کے خلاف پاک فوج کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
کابینہ میں بھی بھارتی خلاف ورزی کی مذمتی قرارداد منظور کی گئی۔ اسمبلی میں اپوزیشن اور حکومتی ارکان نے مشترکہ قرارداد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا اور بھارتی سفیر کو طلب کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
اجلاس میں اپوزیشن اراکین نے جیکا کے فنڈز میں رقم نہ ملنے پر سپیکر ڈائس کا گھیراؤ کیا۔ ایوان شیم شیم اور حکومت کیخلاف نعروں سے گونج اٹھا۔ اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی کے دوران پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی ترمیمی بل منظور کر لیا گیا۔ سپیکر نے ہنگامہ آرائی کے دوران اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا۔