لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بھارتی فضائی حملے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی خود مختاری ہر چیز پر مقدم ہے۔ بھارتی بزدلانہ جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری پاکستانی قوم متحد ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اپنی خود مختاری، دفاع اور سالمیت پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔ مودی سرکار اپنے وقتی سیاسی مقاصد کے لئے خطے کا امن خطرے میں ڈال رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم کی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی دعائیں اپنی مسلح افواج کے ساتھ ہیں۔ پوری قوم اپنی بہادر اور نڈر مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے ۔ بھارتی اوچھے ہتھکنڈے پاکستان کو کشمیریوں کی تحریک آزادی کی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹا سکتے۔