اسلام آباد: (دنیا نیوز) 28 فروری کو طلب کیے گئے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں دشمن کو پیغام دیا جائے گا کہ ملک کے تحفظ اور سلامتی کیلئے ہم سب متحد ہیں۔
بھارت کی پاکستان میں در اندازی کے خلاف حکومت اور اپوزیشن ایک پیج پر آ گئے۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن رہنماؤں کا تمام اختلافات بھلا کر حکومت اور مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا اعلان کر دیا۔ خورشید شاہ نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا، تمام اپوزیشن ارکان نے ہاتھ کھڑے کر کے مطالبے کی حمایت کی۔
وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے اسمبلی اجلاس ختم ہونے سے پہلے ایوان میں آ کر بتایا کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بدھ کی صبح گیارہ بجے طلب کر لیا ہے۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری سمیت تمام جماعتوں کے ارکان شرکت کریں گے۔
حکومت بھارتی جارحیت کے حوالے سے حقائق اور پالیسی سےآگاہ کرے گی۔ اجلاس میں بھارت کو بھرپور جواب دینے کیلئے تجاویز دی جائیں گی۔
خیال رہے کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس پہلے کل بدھ مورخہ 27 فروری کو بلایا گیا تھا تاہم اب اس کا شیڈول تبدیل کر کے 28 فروری کر دیا گیا ہے۔