راولپنڈی: (دنیا نیوز) بھارتی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے بعد کنٹرول لائن پر کشیدگی، بھارتی گولہ باری سے 3خواتین اور بچہ شہید جبکہ کئی زخمی ہوگئے، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں۔
بھارت باز نہ آیا اور فضائی حدود کی خلاف ورزی کے بعد کنٹرول لائن پر وحشیانہ جارحیت کا آغاز کر دیا۔ بھارت کی جانب سے کوٹلی رولاکوٹ چکوٹھی اور لیپہ میں بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔ جس سے 4 افراد شہید اور کئی زخمی ہوگئے۔ کھوئی رٹہ سیکٹر میں خانپور گاوں کی رہائشی شہناز صدیق شہید جبکہ سمیرا اور عدنان زخمی ہوئے۔
نکیال سیکٹر میں گھر پر گولہ لگنے سے 3 افراد شہید جبکہ کئی شدید زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج کیا جا رہا ہے۔ کنٹرول لائن سے ملحقہ علاقوں کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے عملے کی چھتیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ضلع ہٹیاں میں ڈپٹی کمشنر عمران شاہین کی جانب سے ضلع بھر میں تعلیمی ادارے بند کرنے کے احکامات جاری کئے گے ہیں جبکہ آزادکشمیر میں حکومت کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لئے الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
پاک فوج کی جانب سے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جا رہا ہے ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق بھارتی پوسٹوں سے دھویں کے بادل اٹھتے دکھائی دے رہے ہیں۔