سیالکوٹ: (دنیا نیوز) جے پور جیل میں قتل کئے گئے شاکر اللہ کی ڈسکہ میں نماز جنازہ ادا کی گئی جس کے بعد انھیں سپرد خاک کر دیا گیا، بھارت نے واقعے کی تفصیلات اور پوسٹمارٹم رپورٹ اب تک نہیں دی. پاکستان نے قاتلوں کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کر دیا۔
بھارتی جے پور جیل میں بہیمانہ طریقے سے قتل کئے گئے شاکراللہ کی نماز جنازہ ڈسکہ میں اہلخانہ اور قریبی رشتے داروں کی موجودگی میں ادا کر دی گئی۔ وہ 2003 میں غلطی سے سرحد پار کر گئے تھے، بھارتی فوج نے انھیں پاکستان کے حوالے کرنے کی بجائے جیل میں قید کر دیا، بعد ازاں ان پر جھوٹا مقدمہ بھی چلایا گیا۔ گزشتہ ماہ شاکر کو بھارتی جیل میں جنونی ہندووں نے تشدد کر کے شہید کر دیا تھا۔
نماز جنازہ میں سینکڑوں شہریوں کے علاوہ مقامی سماجی و سیاسی رہنماوں کے علاوہ کمشنر اور آر پی او گوجرانوالہ نے بھی شرکت کی۔ اس سے قبل سیالکوٹ میں 6 رکنی ڈاکٹروں کی ٹیم نے شاکراللہ کا پوسٹ مارٹم کیا جس کے بعد میت آبائی علاقے پہنچا دی گئی تھی۔