سیالکوٹ: (دنیا نیوز) سیالکوٹؕ کے علاقہ دھرم کوٹ سے تین افراد کی لاشیں کار سے ملی ہیں، مقتولین میں باپ بیٹا اور ڈرائیور شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق تینوں افراد کو گلے میں پھندا ڈال کر قتل کیا گیا اور ان کی لاشیں کار میں رکھ کر ویرانے میں کھڑی کر دی گئی۔ مقتولین کا تعلق ضلع قصور سے ہے۔
مقتولین میں چمڑے کا تاجر پچاس سالہ نیاز، اس کا پچیس سالہ بیٹا احمد نیاز اور چالیس سالہ ڈرائیور فیاض شامل ہیں۔ مقتولین چمڑے کی فروخت کا کاروبار کرتے تھے اور سیالکوٹ میں کرایہ کی گاڑی پر آئے تھے جہاں نامعلوم افراد نے ان کو قتل کر دیا۔
پولیس نے لاشیں قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ممکن ہے تینوں کو لین دین کے تنازع پر نشہ آور چیز کھلائی گئی ہو اور بعد میں پھندا ڈال کر قتل کیا گیا ہو۔ مقتولین کے موبائل قبضہ میں لے کر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔