نوشہرہ:7 سالہ بچی مبینہ زیادتی کے بعد قتل

Last Updated On 30 December,2018 08:58 pm

نوشہرہ: (دنیا نیوز) نوشہرہ نوے کلے میں سات سالہ بچی کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا، 7سالہ مناہل کل مدرسہ جاتے ہوئے لاپتہ ہو گئی تھی۔

نوشہرہ میں گزشتہ روز مدرسہ پڑھنے کے لئے گھر سے جانے والی بچی لاپتہ ہو گئی تھی۔ ورثاء نے مقامی تھانے میں اطلاع دی اور بچی کی تلاش شروع کر دی،آج مقامی قبرستان سے بچی کی لاش ملی تو گھر میں کہرام مچ گیا. مقتولہ مناہل کے والد نے بتایا کہ میری بچی مناہل کی عمر 8 سال تھی، وہ مقامی اسکول برین ماڈل اسکول میں تیسری جماعت میں پڑھتی تھی۔ ورثا نے اعلی حکام سے واقعہ کا نوٹس اور ملزمان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 26 دسمبر کو حویلیاں تھانے کی حدود کیالہ گاؤں میں ایک اور بچی کو درندگی کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا گیا تھا۔ تین سالہ فرال گزشتہ روز دن ڈھائی بجے گھر سے غائب ہوئی جس کی رپورٹ تھانہ حویلیاں میں درج کرائی گئی۔ پولیس نے ڈی ایس پی حویلیاں کیڈٹ اعجاز کی نگرانی میں سرچ شروع کیا اور دوسرے دن صبح 9 بجے تین سالہ فرالی گاؤں سے دور ویرانے سے مردہ حالت میں پائی گئی۔

بچی کے مرنے کی اطلاع پر ڈی پی او ایبٹ آباد عباس مجید مروت ڈی ایس پی سونیا شمعروز فوری طور پر حویلیاں ہسپتال پہنچ گئے اور اپنی نگرانی میں پوسٹمارٹم کرایا۔ ڈاکٹرز کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق معصوم فرالل کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی تھی اور نیم مردہ حالت میں کھلے آسمان تلے شدید سردی میں پھینک دیا گیا جس سے بچی ہلاک ہو گئی۔

 

حویلیاں پولیس نے اس کرب ناک واقعہ کی تفتیش اور مجرمان کی گرفتاری کے لئے علاقہ بھر میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ مقتولہ فرالی کو ہزاروں اشکبار آنکھوں کے ساتھ سپردِخاک کر دیا گیا۔