اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان اور امیر قطر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے پاک بھارت حالیہ کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
وزارت خارجہ کے مطابق عمران خان اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دو طرفہ باہمی امور، خطے میں امن و امان کی صورت حال اور پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
امیر قطر نے کشیدگی کم کرنے کے لئے وزیراعظم عمران خان کے اقدامات کو سراہا اور پاکستان کی طرف سے بھارت کے پائلٹ ابھی نندن کو رہا کرنے کی تعریف کی۔ انہوں نے وزیراعظم کو امن کے لیے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔