جارحیت قبول نہیں، دشمن کو پاک فضائیہ کا اچھی طرح انداز ہوگیا: شیخ رشید

Last Updated On 02 March,2019 01:59 pm

لاہور: (دنیا نیوز) شیخ رشید کا کہنا ہے پیر سے سمجھوتہ ایکسپریس معمول کے مطابق بھارت جائے گی، دشمن کو پاک فضائیہ کا اچھی طرح انداز ہوگیا، جارحیت قبول نہیں، امن کے جواب میں امن ہی ملے گا۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حالیہ صورتحال میں وزیراعظم نے بہترین سٹروک کھیلا، پائلٹ کو بھجوانے پر خورشید شاہ سمیت کئی لوگ تنقید کر رہے ہیں، جس دن کہیں پائلٹ پھر پکڑ لیں گے ان کو آنے دیں۔ انہوں نے کہا کشمیر میں آج بھی گولہ باری جاری ہے، کشمیر کا بچہ بچہ جام شہادت کیلئے تیار ہے، ہم تعداد میں کم ہیں، مگر معیار میں وہ ہمارا مقابلہ نہیں کرسکتے تھے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ بھارتی میڈیا میدان جنگ میں تھا، ہمارے میڈیا نے ذمےداری کا مظاہرہ کیا، مودی کی بیماری اسلام دشمنی ہے، بھارت ایک انتہا پسند ریاست بن چکی ہے، بھارت کا امیج دنیا میں خراب ہوا ہے ہمارا بہتر ہوا ہے، ہماری میزائل قوت بھارت سے بہت زیادہ ہے۔
 

Advertisement