اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے جنگی میدان کیساتھ انٹیلی جنس محاذ پر بھی بھارت کی ہر چال ناکام بنا دی۔ پیشگی اطلاع کی بنیاد پر بھارت کی جانب سے ائیر بیسز اور شہروں پر میزائل حملوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دئیے۔ بھارت کو دو ٹوک انداز میں بتا دیا گیا تھا کہ مہم جوئی کی تو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔
دوسری جانب حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر ریاستی عناصر کو غیر مسلح کر کے قومی دھارے میں شامل کیا جائے گا۔ کالعدم تنظیموں کے مدارس کو بھی سرکاری کنٹرول میں لیا جائے گا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق بھارت نے راجستھان سے پاکستان کے ائیر بیسز کیساتھ کراچی اور بہاولپور میں میزائل حملوں کا منصوبہ بنایا۔ پاکستان نے پیشگی انٹیلی جنس کی بنیاد پر دونوں حملوں کو ناکام بنایا۔
پاک بھارت سیکیورٹی ایجنسیز کے درمیان 27 اور 28 کی شب رابطہ ہوا جس میں بھارت کو تنبیہ کی کہ ایسی کسی بھی مہم جوئی کے نتائج بھیانک ہوں گے۔ پاکستان پوری قوت کیساتھ بھرپور جواب دے گا۔
ذرائع کے مطابق برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے کشیدگی کم کرانے میں اہم کردار ادا کیا جبکہ عالمی برادری نے پاکستان کے امن اور جاری تناؤ کو کم کرنے کے لیے اقدامات کو بھی سراہا ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پلواما حملے میں کوئی نان سٹیک ایکٹر شامل نہیں تھا۔ پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہماری سرزمین کسی ملک کے خلاف ہرگز استعمال نہیں ہو گی۔
غیر ریاستی عناصر کو غیر مسلح کر کے قومی دھارے میں شامل کیا جائے گا۔ کالعدم تنظیموں کے مدارس کو بھی سرکاری کنٹرول میں لیا جائے گا۔ حکومتی ذرائع نے ان خدشات کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان گرے سے بلیک لسٹ میں چلا گیا تو سرمایہ کاری رک جائے گی۔