اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاک فضائیہ کی جانب سے 2 بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے گئے تھے۔ ایک طیارہ سکوارڈن لیڈر حسن صدیقی جبکہ دوسرا طیارہ ونگ کمانڈر نعمان علی خان نے گرایا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کی حدود کے اندر دراندازی کی کوشش کرنے پر پاک فضائیہ نے بھارت کے 2 ایئر کرافٹ مار گرائے تھے۔ ان میں سے ایک بھارتی طیارہ سکوارڈن لیڈر حسن صدیقی جبکہ دوسرا ونگ کمانڈر نعمان علی خان نے گرایا تھا۔
پاک فضائیہ کے سکوارڈن لیڈر حسن صدیقی اور ونگ کمانڈر نعمان علی خان نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر قومی ہیروز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سکوارڈن لیڈر حسن صدیقی پاکستانی قوم کا فخر
پاک فضائیہ کے شاہینوں نے جہاں اس کارروائی کے ذریعے دشمن کے دلوں میں اپنی دھاک بٹھا دی وہیں دونوں اب قوم کی آنکھ کا تارا اور فخر کا نشان بن گئے ہیں۔
حسن صدیقی اور نعمان علی خان نے 1965ء کی جنگ کے ہیرو ایم ایم عالم کی یاد تازہ کر دی ہے۔ 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں جہاں پاکستان کی بری اور بحری افواج نے ناقابل فراموش کردار ادا کیا، وہیں پاک فضائیہ کا کردار بھی سنہرے حروف سے لکھے جانے کے قابل ہے۔
6 ستمبر 1965ء کو جنگ کے پہلے ہی دن پاک فضائیہ نے بری فوج کے دوش بدوش بڑا اہم کردار ادا کیا اور پٹھان کوٹ، آدم پور اور ہلواڑہ کے ہوائی اڈوں پر حملہ کر کے دشمن کے 22 طیارے، متعدد ٹینک، بھاری توپیں اور دوسرا اسلحہ تباہ کیا
جنگ کا اگلا دن یعنی 7 ستمبر 1965ء تو پاک فضائیہ ہی کا دن تھا۔ 7 ستمبر 1965ء پاکستان میں یہ دن یوم فضائیہ کے نام سے منایا جاتا ہے۔ 1965ء کی جنگ میں اس روز پاک فضائیہ نے دشمن کو ایسی دھول چٹائی جس نے ایک نئی تاریخ رقم کی۔
7 ستمبر 1965ء کو ایک منٹ سے بھی کم وقت میں دشمن کے پانچ جنگی طیاروں کو تباہ کر کے عالمی ریکارڈ بنانے والے سکورڈن لیڈر ایم ایم عالم کے کارنامے زندہ وجاوید اور یوم فضائیہ کا خاصہ ہیں۔
جنگ کے ہیرو سکورڈن لیڈر محمد محمود عالم نے دشمن کے 9 جنگی طیارے مار گرائے جن میں پانچ لڑاکا طیارے تو ایک منٹ سے بھی کم وقت میں تباہ کیے۔ بہادری کے صلے میں دو بار ستارہ جرات سے نوازا گیا۔