لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں ہندو برادری سے اظہار یکجہتی کے لئے قرارداد منظور کر لی گئی ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے غیر مسلم شہریوں کے ساتھ مکمل یکجہتی ظاہر کرتے ہیں۔ ملکی دفاع، سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لئے اقلیتوں کے تاریخی کردار کا اعتراف کرتے ہیں۔
ن لیگ کی قرارداد میں کہا گیا کہ پارٹی دستور اور قانون کے تحت ہندو برادری پاکستان کے مساوی حقوق رکھنے والے قابل فخر شہری ہیں۔ ہندو برادری کی ملک کے ساتھ لازوال وابستگی، گراں قدر خدمات، کارناموں کو تسلیم کرتے ہیں۔
قرارداد میں کہا گیا کہ مسلم لیگ ن ہندو شہریوں کا بے حد احترام کرتی ہے۔ ہندو شہریوں کو وفاق میں شامل مختلف قومیتوں کے خوبصورت تمدن کا ایک اہم جزو سمجھتے ہیں۔ ان کی ثقافت کا رنگ بھی پاکستانی ثقافت کے دیگر رنگوں میں نمایاں ہے۔
ہندوؤں کی شناخت اور ان کو حاصل دستور اور قانون کے تحت حقوق مسلمہ ہیں۔ قائداعظم کے فرمودات، اسلامی احکامات، دستور اور قانون اس کی صراحت کرتے ہیں۔
پارٹی اجلاس میں وزیر اطلاعات پنجاب کے بیان کی مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ کسی ایک فرد کی رائے پاکستان کی غالب اکثریت کی رائے نہیں، پی ٹی آئی اپنے وزیر کے بیان پر فی الفور معذرت اور آئندہ ایسی نامناسب گفتگو نہ ہونے کو یقینی بنائے۔