اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف گلالئی کی سربراہ عائشہ گلالئی نے مہمند ڈیم کا ٹھیکا وزیراعظم کے مشیر تجارت کی کمپنی کو دیئے جانے کے خلاف نیب میں درخواست جمع کرا دی۔
عائشہ گلالئی اور پارٹی کے دیگر ارکان نے اسلام آباد میں نیب ہیڈ کوارٹرز میں درخواست دی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عائشہ گلالئی نے بتایا کہ انھوں نے چیئرمین نیب سے ملاقات کر کے مشیر تجارت کیخلاف درخواست دی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم بتائیں کہ ان کے مشیر کو ڈیم کی تعمیر کا ٹھیکہ کیسے مل گیا؟ وزیراعظم کے مشیر نے حکومتی عہدے کا فائدہ اٹھایا۔ عائشہ گلالئی نے کہا کہ نیب پاکستان میں کرپشن کے خلاف جہاد کر رہا ہے اور چیئرمین جاوید اقبال بھی بلا تفریق تحقیقات کر رہے ہیں۔
عائشہ گلالئی نے کہا کہ اگر مہمند ڈیم ٹھیکے کی شفاف تحقیقات نہ ہوئی تو عوام کا اعتماد نیب سے اٹھ جائے گا۔ چیئرمین نیب کو چاہیے کہ اس پر ریفرنس دائر کریں۔