لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی احتساب عدالت نے نیب کو سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس آئندہ سماعت پر فائل کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے ریمارکس دئیے کہ سات ماہ سے بندہ جیل میں ہے، نیب ڈاک بھیج کر سو جاتا ہے، نیب حکام خود اسلام آباد جائیں اور ریفرنس لائیں۔
احتساب عدالت کے جج نجم الحسن نے کیس کی سماعت کی جیل حکام نے فواد حسن فواد کو جیل سے لا کر عدالت پیش کیا۔ دوران سماعت نیب کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ فواد حسن فواد کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس تیار ہے، دستخط کے لیے چیئرمین نیب کے پاس پڑے ہیں۔
اس پر فواد حسن فواد بولے کہ نو ماہ سے نیب نے ریفرنس دائر نہیں کیا۔ عدالت نے نیب پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر فواد حسن فواد کے خلاف ریفرنس پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
جج نجم الحسن نے ریمارکس دئیے کہ نیب ڈاک بھیج کر سو جاتا ہے۔ نیب حکام خود اسلام آباد جائیں اور ریفرنس لائیں۔ آئندہ سماعت پر ہر صورت ریفرنس دائر ہونا چاہیے۔ کیس کی مزید سماعت 19 مارچ کو ہوگی۔