لندن: (دنیا نیوز) پاک بھارت کشیدگی پر یورپی پارلیمنٹ نے تشویش کا اظہار کر دیا۔ پارلیمنٹ کے 40 ارکان نے وزیر اعظم عمران خان اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ دیا۔
خط یورپی پارلیمنٹ کے رکن سجاد کریم کی جانب سے لکھا گیا۔ یورپی پارلیمنٹ کے وائس پریز یڈنٹ سمیت 40 ارکان نے خط پر دستخط کئے ہیں۔ یورپی پارلیمنٹ کے ارکان کے خط میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی پر اظہار تشویش کیا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر کشیدگی تشویش ناک ہے، دونوں ملکوں کی قیادت کشیدگی کے خاتمے کے لئے فوری طور پر مذاکرات کا آغاز کرے، پاکستان کی جانب سے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی رضا کارانہ رہائی کا خیر مقدم کرتے ہیں، پاکستان کا یہ اقدام مذاکرات اور امن کا راستہ کھولنے کا باعث بنے گا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ کشمیریوں کو شریک کئے بغیر دیر پا امن قائم نہیں ہو سکے گا، یورپی پارلیمنٹ اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔