اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو پی پی 217 میں ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کرنے سے روک دیا۔ عدالت نے کامیاب امیدوار محمد سلمان کو عبوری حکم کے ذریعے بحال کرنے کی استدعا بھی مسترد کر دی۔
جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ شاہ محمود قریشی کے وکیل رانا وقار نے دلائل دیئے کہ کامیاب امیدوار محمد سلمان نے کاغذات نامزدگی میں غلط عمر بتائی جس پر انہیں ڈی نوٹیفائی کیا جا چکا ہے۔
امیدوار کے وکیل نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کو شکست دینے کی سزا دی گئی۔ کوئی رٹ فائل نہیں ہوئی تو ڈی نوٹیفائی کیسے کیا جاسکتا ہے۔ الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کیا جائے۔ جسٹس شیخ عظمت سعید کا کہنا تھا کہ فی الحال کوئی تبدیلی نہیں ہو گی۔ تمام ریکارڈ آنے دیں۔ عدالت نے الیکشن کمیشن سے تمام ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت 19 مارچ تک ملتوی کر دی۔