لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ جمہوریت کی مضبوطی کیلئے تمام جماعتوں کو میثاق جمہوریت میں خوش آمدید کہتے ہیں۔
دنیا نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ان کے چھوٹے بھائی شہباز شریف، بھتیجے حمزہ شہباز اور بیٹی مریم نواز نے ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق اہلخانہ نے نواز شریف سے ان کی صحت بارے دریافت کیا جبکہ نواز شریف نے بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی تفصیلات بتائیں۔
دنیا نیوز ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات میں جمہوریت کی خاطر مشترکہ جدوجہد پر اتفاق ہوا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی کیلئے تمام جماعتوں کو میثاق جمہوریت میں خوش آمدید کہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نواز، بلاول ملاقات، آرٹیکل 63،62 ختم کرنے پر اتفاق
یاد رہے کہ گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کوٹ لکھپت جیل میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے اہم ملاقات کی تھی۔ دونوں رہنماؤں نے میثاق جمہوریت کو مزید مستحکم اور دائرہ پھیلانے پر اتفاق بھی کیا تھا۔
بلاول بھٹو نے دوران ملاقات نواز شریف کو این آئی سی وی ڈی میں علاج کی پیشکش کی اور کہا کہ سندھ حکومت آپ کا عالمی معیار کا علاج کرانے کو تیار ہے۔
اس پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ علاج تو میں خود بھی کروا سکتا ہوں، یہ اجازت تو دیں۔ حکمران میرا علاج کرائیں، میرا تماشا تو نہ بنائیں۔ مجھے ہسپتال لے جایا جاتا ہے، بلڈ پریشر اور بلڈ ٹیسٹ کروا کر واپس جیل لے آتے ہیں لیکن علاج نہیں کراتے۔
نواز شریف نے کہا کہ بلاول صاحب ہم نے جو غلطیاں بھی کی سو کیں، اب غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے اعتراف کرتے ہوئے کہا تسلیم کرتا ہوں کہ باسٹھ ترسٹھ ختم کرنے کی پیپلز پارٹی کی پیشکش ٹھکرا کر غلطی کی تھی۔