پیراگون سکینڈل: خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 اپریل تک توسیع

Last Updated On 19 March,2019 02:00 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی احتساب عدالت نے پیراگون سکینڈل میں گرفتار سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق اور انکے بھائی سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 اپریل تک توسیع کر دی، عدالت نے نیب کے تفتیشی افسر کو حتمی رپورٹ جلد تیار کرنے کی ہدایت کر دی۔

احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن کے روبرو پیراگون ہاوسنگ سوسائٹی میں مبینہ کرپشن کے الزامات پر گرفتار سلمان رفیق کو جیل حکام نے عدالت پیش کیا، دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ خواجہ سعد رفیق کیوں پیش نہیں ہوئے جس پر جیل حکام نے بتایا کہ سعد رفیق کو لاء اینڈ جسٹس کمیٹی کی میٹنگ کے سلسلے میں اسلام آباد لے جایا گیا ہے جس کی عدالت سے اجازت بھی حاصل کر رکھی ہے۔

احتساب عدالت نے نیب پراسیکوٹر سے استفسار کیا کہ پیراگون کے حوالے حتمی رپورٹ کیوں نہیں اور مقدمے کے تفتیشی افسر کہاں ہیں، نیب پراسیکوٹر نے بتایا کہ تفتیش افسر سخت بیمار ہیں جس وجہ سے پیش نہیں ہوسکے، عدالت نے نیب پراسیکوٹر کو پیراگون کے حوالے سے رپورٹ جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے خواجہ برادرن کے جوڈیشل ریمانڈ میں 4 اپریل تک توسیع کردی۔

خواجہ سلمان رفیق کی پیشی کے موقع کے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور احتساب عدالت کی طرف آنے اور جانے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا تھا۔