لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سابق سینئر صوبائی وزیر علیم خان نے ضمانت پر رہائی کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں علیم خان کی جانب سے دائر درخواست میں نیب کو فریق بنایا گیا ہے۔ علیم خان نے بیرسٹر علی ظفر اور ایڈووکیٹ عدنان شجاع بٹ کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست ضمانت دائر کی۔ درخواست میں علیم خان نے موقف اپنایا ہے کہ نیب نے غیر قانونی اثاثے بنانے کے الزام میں گرفتار کیا، تفتیش مکمل ہوچکی ہے اور اب جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں قید ہوں۔
درخواست میں کہا گیا کہ درخواستگزار کو جیل میں رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے، ٹرائل کورٹ میں اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے پیش ہوتا رہوں گا اور راہ فرار اختیار نہیں کروں گا لہذا لاہور ہائیکورٹ درخواست ضمانت منظور کر کے ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے۔