بیجنگ: (دنیا نیوز) پاک چین وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والے مذاکرات دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح پر سیاسی اور سرکاری روابط برقرار رکھنے پر اتفاق، اہم عالمی امور پر ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھنے اور سی پیک کو ہر قسم کے خطرے سے محفوظ بنانے کا عزم کیا گیا۔
مذاکرات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور چینی ہم منصب وانگ ژی نے شرکت کی۔ مذاکرت میں دو طرفہ تعلقات، اقتصادی راہداری کے مختلف پہلوؤں، معاشی تعاون اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک سی پیک کے خصوصی اقتصادی زونز کی تکمیل کے لیے پرعزم اور سی پیک کے حوالے سے منفی پراپیگنڈا مسترد کرتے ہیں۔
چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔ دونوں ممالک نے دہشت گری کے خلاف تعاون بڑھانے اور قیادت کے ویژن کو عملی جامعہ پہنانے پر بھی اتفاق کیا۔
چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں کشیدگی کم کرنے کے لیے تمام تنازعات کو بات چیت کے ذریعہ حل کیا جانا چاہیے۔ دونوں ممالک نے اتفاق کیا کہ اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق رکن ممالک کی سلامتی اور خود مختاری کا احترام ضروری ہے۔
مذاکرات میں افغان مصالحتی عمل کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے وزرا خارجہ نے کہا کہ امن کے لیے تمام فریقین اپنے موقف میں لچک پیدا کریں۔